Calorie Calculator & Tracker

چیمپئنز ٹرافی کیلئے ممکنہ 15 رکنی ٹیم منتخب ،اظہر علی کی واپسی کا امکان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ویسٹ انڈیز کیخلاف چار ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹونٹی مقابلوں میں کوئی خاص کاکردگی دکھانے میں ناکام رہنے والے کامران اکمل کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں جگہ نہیں مل پائے گی، سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کو انگلش کنڈیشنز کومد نظر رکھتے ہوئے بحیثیت اوپنر احمد شہزاد کے ساتھ موقع دینے پر متفق ہوگئے ہیں،اظہر علی ویسٹ انڈیز جانیوالی ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے تھے،انہوںنے 31 ون ڈے میچوں میں ٹیم کی قیادت کی جن میں سے ٹیم نے12میچ جیتے، 18 میں اسے شکست ہوئی جبکہ1 میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم سے کامران اکمل ، آصف ذاکر اور لیفٹ آرم سپنر محمد اصغر کو ڈراپ کردیا جائے گا تاہم عمر اکمل کو یکم جون سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاور ہٹر کے طور پر استعمال کیا جائیگا،انہیں خراب فٹنس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز جانے والی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 15 رکنی ٹیم کی فہرست آئی سی سی کو بھیج دی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اس میں تبدیلی 24مئی تک کی جاسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد پندرہ رکنی ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے 15 ممکنہ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، جنید خان، محمد عامر، وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ اور شاداب خان شامل ہوں گے۔

Comments

comments